بنگلورو: بنگلورو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ (بی ڈبلیو ایس ایس بی) کے چیف اکاؤنٹنٹ پرشانت مدل کو جمعرات (2 مارچ) کو کرناٹک لوک آیوکت کے عہدیداروں نے 40 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق پرشانت کے والد مدل ویروپاکشپا چناگیری اسمبلی حلقہ سے موجودہ رکن اسمبلی ہیں۔
اس سال کے آخر میں کرناٹک میں انتخابات ہونے ہیں، جس کے پیش نظر اس واقعہ کو حکمراں بی جے پی کے لئے ایک شدید جھٹکا کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اپوزیشن کرناٹک میں بی جے پی حکومت پر 40 فیصد ‘کمیشن’ اور سرکاری ٹینڈرز میں رشوت ستانی کو لے کر حملہ کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پرشانت نے ٹینڈر کے عمل کو ختم کرنے کے لئے 80 لاکھ روپے کی رشوت مانگی تھی۔ وہ اپنے دفتر میں 40 لاکھ روپے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ پرشانت کو لوک آیوکت پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اب وہ دستاویزات کی تصدیق کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ کرناٹک صابن اور ڈٹرجنٹ لمیٹڈ (کے ایس ڈی ایل) کو خام مال فراہم کرنے کے لئے ٹینڈر دینے کے حوالے سے ایک شکایت درج کی گئی تھی۔ پرشانت کے والد کے ایس ڈی ایل کے چیئرمین ہیں۔ عہدیداران ممکنہ طور پر بی جے پی ایم ایل اے ویروپکشپا سے پوچھ گچھ کریں گے کیونکہ خام مال کی خریداری کے ٹینڈر کے لئے کے ایس ڈی ایل چیئرمین سے رشوت کی رقم وصول کی گئی تھی۔