ریاض :سعودی عرب میں انسداد منشیات حکام نے دوسرے اداروں کے تعاون سے بیرون ملک سے منشیات کی بھاری مقدار کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کیپٹاگون کی لاکھوں گولیاں قبضے میں لے لی ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق الحدیثہ بندراہی کراسنگ میں سعودی زکوۃ ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کیپٹاگون منشیات کی لاکھوںگولیاں قبضے میں لی ہیں۔ یہ منشیات بیرون ملک سے ٹماٹروں اور انار کے پھلوں کی کھیپ میں چھپائی گئی تھی۔
اس منشیات کو سمندری راستے سعودی عرب میں لانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔انسداد منشیات کمیشن نے نے وضاحت کی کہ الحدیثہ بندرگاہ کے ذریعہ مملکت میں لائے گئے ایک کنٹینر پر ٹماٹر اور انارلادے گئے تھے۔
جب کسٹم حکام نے اس کی چیکنگ شروع کی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی جانچ کی گئی تو ان کے اندرٹماٹروں اور انار کے دانوں کے اندر چھپائی گئی منشیات برآمد ہوئی۔حکام کا کہناتھا کہ مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جاتے ہیں اور بیرون ملک سے لائی جانے والی اشیا کی سخت چیکنگ کی جاتی ہے۔
اس کام کے لیے انسداد منشیات حکام کو دوسرے متعلقہ اداروں کا تعاون بھی حاصل ہوتا ہے۔منشیات کی تازہ کھیپ کے پکڑے جانے کے بعد اس میں ملوث کسی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
انسداد منشیات اتھارٹی نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا استعمال کی کسی بھی کوشش کی نشاندہی ہیلپ لائن نمبر 1910 پر فوری طور پر حکام کو دیں یا ای میل 1910@zatca.gov.sa یا بین الاقوامی نمبر 00966114208417 پر رابطہ کریں تاکہ منشیات کے دھندے کی کسی بھی سازش کو روکا جا سکے۔