برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاریخی تاجپوشی میں ان کے بیٹے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کو مدعو کرلیا گیا ہے تاہم جوڑے کی جانب سے تقریب میں شریک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں مقیم شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔
برطانیہ کے میگزین سنڈے ٹائمز کے مطابق جوڑا شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کرےگا یا نہیں، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، دوسری جانب بکنگھم پیلس نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہوگی، بکنگھم پیلس نے اعلان کیا تھا کہ تاجپوشی کی تقریب روایتی انداز میں ہوگی جو پچھلے ایک ہزار سال سے ایسی تقاریب میں اختیار کیا جاتا ہے۔