پی ایم مودی نے کہا کہ محروم لوگوں تک پہنچنے کے لیے طے شدہ مشن موڈ میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری وشوکرما یوجنا کا مقصد کاریگروں اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے دور دراز علاقوں کے لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان میں سے کئی لوگوں کو پہلی بار سرکاری اسکیموں کا فائدہ مل رہا ہے۔ زیادہ تر کاریگر دلت، قبائلی، پسماندہ برادریوں سے ہیں یا خواتین ہیں اور ان تک پہنچنے اور انہیں فوائد فراہم کرنے کے لیے ایک عملی حکمت عملی کی ضرورت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : لالو یادو کے اہل خانہ پر چھاپہ ماری کے بعد کھڑگے کا بیان ’پانی سر سے اوپر چلا گیا‘
ہفتہ کو ’پردھان منتری وشوکرما کوشل سمان‘ پر بجٹ سے قبل ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ محروم لوگوں تک پہنچنے کے لیے طے شدہ مشن موڈ میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری وشوکرما یوجنا کا مقصد کاریگروں اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے کاریگر مقامی دستکاری کی مصنوعات کی تیاری میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ پی ایم وشوکرما یوجنا انہیں بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ اس اسکیم کا مقصد روایتی کاریگروں اور دستکاروں کی مالا مال روایات کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں فروغ دینا ہے۔ ہندوستان کی ترقی کے سفر کے لیے ضروری ہے کہ گاؤں کے ہر طبقے کو اس کی ترقی کے لیے بااختیار بنایا جائے۔ ملک کے وشوکرما کی ضروریات کے مطابق اس کے ہنر مندانہ ڈھانچے کو از سر نو تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ کاریگر اور دستکار اگر ویلیو چین کا حصہ بن جائیں تو انہیں مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
یہ ویبینار 12 پوسٹ بجٹ ویبناروں کی سیریز کا اختتام ہے جس کا اہتمام مرکزی بجٹ 24-2023 میں اعلان کردہ اقدامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاریگروں کے زمروں جیسے بڑھئی، لوہار، مجسمہ ساز، مستری اور بہت سے دوسرے کو نظر انداز کیا گیا حالانکہ وہ معاشرے کا لازمی حصہ ہیں اور وہ معاشرے کی مضبوطی میں اپنا تعاون دیتے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس ہنر مند افرادی قوت کو طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا تھا اور غلامی کے طویل برسوں میں ان کے کام کو غیر اہم سمجھا جاتا تھا۔ ہندوستان کی آزادی کے بعد بھی، حکومت کی طرف سے ان کی بہتری کے لیے کوئی مداخلت نہیں کی گئی اور اس کے نتیجے میں، خاندانوں نے ہنر اور دستکاری کے بہت سے روایتی طریقوں کو چھوڑ دیا تاکہ وہ کوئی اور ذریعہ معاش تلاش کرسکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس محنت کش طبقے نے صدیوں سے روایتی طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے فن کو محفوظ کیا ہے اور وہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور منفرد تخلیقات کے ساتھ اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ ہنر مند کاریگر خود کفیل ہندوستان کے حقیقی جذبے کی علامت ہیں اور ہماری حکومت ایسے لوگوں کو نیو انڈیا کا وشوکرما مانتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم وشوکرما کوشل سمان یوجنا خاص طور پر ان کے لیے شروع کی گئی ہے، جہاں گاؤں اور قصبوں کے ہنر مند کاریگروں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جو اپنے ہاتھوں سے کام کرکے اپنی روزی کماتے ہیں۔