ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سونے کے قیمتوں میں تاریخی چار درہم فی گرام تک کمی ہوئی ہے جب کہ مزید کمی کا بھی امکان ہے۔عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رواں ہفتے کے آغاز پر ہی سونے کے نرخوں میں بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔ 24 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 216 درہم ہو گئی جو پہلے 220.75 درہم تھی۔
اسی طرح 22 قیراط سونے کے ایک گرام کے نرخ 3.75 کی کمی سے 204.05 درہم ہو گئے۔ 21 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت میں 3.05 درہم کمی کے بعد 198 درہم ہوگئی۔
علاوہ ازیں 18 قیراط ایک گرام سونے کی قمیت 3.25 درہم کی کمی کے بعد 179.75 درہم تک آ گئی۔ سونے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود صرافہ بازار میں خریداروں کی تعداد نہیں بڑھی۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ مقامی خریدار قیمتوں میں مزید کمی کے انتظار میں ہیں جب کہ اس وقت صرف غیر ملکی سیاح سونا خرید رہے ہیں تاہم امید ہے قیمتیں مزید نیچے آئیں گی اور گاہکوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔