فلم”گوری تیرے پیار میں”کے نئے گانے کی وڈیو جاری
ممبئی۔25اکتوبر(ےو اےن اےن )کی رومانٹک کامیڈی فلم “اِک میں اور اِک تو”کے بعد عمران خان اور کرینہ کپور خان کی جوڑی پھر ایک ساتھ جلوے بکھیرنے کی تیاری پکڑ چکی ہے۔جی بالکل ٹھیک سنا آپ نے، بالی ووڈ فلمساز و ہدایتکارکرن جوہر کی عمران اور کرینہ کیساتھ رومانٹک کامیڈی فلم “گوری تیرے پیار میں”کے نئے گانے”دھت تیری کی”کی وڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔کمار کے تحریر کردہ”دھت تیرے کی میں،دھت تیری کی میں گھر نہیں جانا”کے بولوں پر مبنی اس گانے کو ادیتی سنگھ شرما اور صنم پوری کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جسکی وڈیو میں عمران خان کلب میں ایشا گپتا کیساتھ ڈانس کے جلوے دکھاتے نظر آرہے ہیں۔کرن جوہر کی اس فلم کے رائٹر و ہدایتکار پونیت ملہوترا ہیں جس میں عمران اور کرینہ کیساتھ عاشقی ٹو کی ہیروئن شردھا کپور معاون اداکارہ کاکردار نبھائیں گی جبکہ ایشا گپتا بحیثیت مہمان اداکارہ ایک آئٹم سونگ میں جلوہ گر ہونگی۔رومانس و کامیڈی ے بھرپور اس فلم کا میوزک موسیقار جوڑی وشال شیکھر نے ترتیب دیا ہے جو 22نومبر کو ریلیز کی جائیگی۔
اپنے گیتوں سے سحر قائم کردینے والے ساحر لدھیانوی کی برسی منائی گئی
کراچی۔25اکتوبر(ےو اےن اےن )ساحر لدھیانوی کی آج 33ویں برسی ہے۔ اس بے مثال شاعر نے لاتعداد غزلیں اورفلمی گیت بھی لکھے۔ استحصال زدہ طبقات سے ہمدردری نے ساحر لدھیانوی کو اشتراکیت کا ہمنوا بنایا۔ ناانصافیوں اور ناہمواریوں نے اس کے سیاسی اور سماجی شعور کو پختگی بخشی اور ساحر کا قلم فتح جمہورکی جدوجہد کیلئے وقف ہوگیا۔ ساحر کی مشہور ”نظمیں تم اپنا غم مجھے دیدو، جائیں تو جائیں کہاں، کہاں ہیں کہاں“ ہیں۔ ساحر لدھیانوی اپنی شاعری میں محنت کا استحصال برداشت کرتا ہے نہ عورت کی بے بسی کا۔ اس کے اشعار میں اس عورت کی چیخ بہت زورسے سنائی دیتی ہے جسے معاشرہ بار بار بکنے پر مجبور کرتا ہے۔ عورت کے موضوع پر ساحر کا کلام ”عورت نے جنم دیا مردوں کو“، ”کہو جی! تم کیا خریدو گے“ ہے۔ حسن پرست اور عاشق مزاج ساحر لدھیانوی نے شادی نہ کی۔ اس کا کہنا تھا کہ ”کچھ لڑکیاں مجھ تک دیر سے پہنچیں اور کچھ لڑکیوں تک میں دیر سے پہنچا“ اس کا اظہار ان کے گیتوں”جسے توقبول کرلے، وہ ادا کہاں سے لاو?ں“، ”تم نہ جانے کس جہاں میں کھو گئے“ سے ہوتا ہے۔ امرتا پریتم نے ساحر کو ٹوٹ کرچاہا۔ جی جان سے چاہا۔ ساحر امرتا کے دل کی آواز نہ سن سکا۔ امروز سے شادی کے بعد بھی امرتا پریتم اسے نہ بھول سکی۔ ایک بار امرتا کے بیٹے نے ماں سے سوال کیا۔ ”ماں کیا میں ساحر کا بیٹا ہوں“ امرتا نے جواب دیا ”کاش یہ سچ ہوتا“۔ ”کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے“، ”چند کلیاں نشاط کی چن کر مدتوں محوِ یاس رہتا ہوں“، ”تیراملنا خوشی کی بات سہی“، ”تجھ سے مل کر اداس رہتا ہوں“ جیسے شہرہ آفاق گیتوں کا تخلیق کار تلخیوں کی راکھ میں بجھنے والاساحر خود تو چلا گیا، اپنی پرچھائیاں چھوڑ گیا، ساحرلدھیانوی ہمیں جس صبح کی امید دلاتا رہا وہ صبح ابھی آئی تو نہیں لیکن آئے گی ضرور۔
ہالی وڈ فلموں میں استعمال ہونیوالی اشیاء برائے فروخت
لاس اینجلس۔25اکتوبر(ےو اےن اےن ): امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہالی ووڈ کی یادگار فلموں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں، ملبوسات اور پوسٹرز سمیت متعدد اشیائ کی نیلامی کی تیاری کرلی گئی، آج بولی لگائی جائے گی۔ ہالی وڈ کے شائقین کے لیے اب ایک اور سنہری موقع آگیا ہے کہ وہ ان یادگزار چیزوں کو خرید سکیں جنہیں ہالی وڈ کی بیشتر فلموں میں استعمال کیا گیا۔ انڈسٹری کی یادگار فلموں میں استعمال ہونے والی اشیاء میں گاڑیاں، ملبوسات، پوسٹرز اور دیگر نایاب اشیاء شامل ہیں۔ ان تمام اشیاء کی کی آج بولی لگائی جا رہی ہے، لاس اینجلس میں ہونے والی اس نیلامی میں تمام تاریخی فلموں کے ریکارڈز بھی فروخت کیئے جائیں گے۔ نیلامی میں تاریخی فلم کاسابلانکا کی کاسٹیومز بھی رکھی جائیں گی۔ ان اشیاء کی فروخت سے ایک خطیر رقم حاصل ہونے کی توقع ہے۔
سری لنکا. ہاتھیوں کی میوزک گروپ کے ساتھ واک
کولمبو۔25اکتوبر(ےو اےن اےن )سری لنکا میں ایک غیرمعمولی ایونٹ میں پچاس کے قریب ہاتھیوں کا میوزک گروپ کے ساتھ واک،تیس برسوں کے دوران جنگی حالات کے باعث پہلی مرتبہ ہزاروں سیاحوں اور ملکی شہریوں نے نئے تعمیر کردہ ایکسپریس وے پر ہاتھیوں کو دیکھا۔ سری لنکا میں تعمیر ہونے والے نئے ایکسپریس وے کو عوام کیلئے کھول دیا گیا،اس موقع پر ہزاروں افراد نے اکٹھا ہوکر ہاتھیوں کو واک کرتے دیکھا ، جنہیں نئے تعمیر ہونے والے راستے پر لایا گیا تھا۔ ہاتھیوں کے ساتھ ایک میوزیکل گروپ بھی موجود تھا،اس نوعیت کے میوزیکل بینڈ کرکٹ میچوں میں فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ سری لنکا میں جاری تیس برسوں کے دوران جنگی حالات کے دوران پہلی مرتبہ ایکسپریس وے کو تعمیر کیا گیا۔ امن قائم ہونے کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے سری لنکا میں آنا شروع کردیا ہے۔
شاہد کپور اور سوناکشی سنہا کی فلم کے نئے گانے کی وڈیو جاری
ممبئی۔25اکتوبر(ےو اےن اےن ) بالی ووڈ ہیرو شاہد کپور اور دبنگ گرل سوناکشی سنہا کی فلم۔ آر راج کمار کے نئے گانے کی وڈیو جاری کردی گئی۔۔۔ فلم دسمبر میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔شاہد کپور اور سوناکشی سنہا کی جوڑی باکس آفس پر پہلی بار ایک ساتھ تہلکہ مچانے کیلئے تیار ہے۔فلم “آر راجکمار” کے نئے گانے کی وڈیو رلیز کردی گئی ہے۔”ساڑھی کے فال سا کبھی میچ کیا رے” کے بولوں پر مبنی اس گانے کونقاش عزیز اور انتارا مترا کی آوازمیں ریکارڈ کیا گیا ہے ، جبکہ گانے سمیت فلم کا میوزک پریتم نے ترتیب دیا ہے۔فلم میں شاہد اور سوناکشی کیساتھ سونو سوڈ اور پونم جھاور اہم کردار ادا کررہی ہیں جبکہ عاشقی ٹو کی ہیروئن شردھا کپور بحیثیت مہمان اداکارہ ایک آئٹم سونگ میں جلوہ گر ہونگی۔ایکشن اور سنسنی سے بھرپور آر راجکمار رواں سال چھ دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔