نئی دہلی: گزشتہ چند دنوں سے ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی آج شام 4.30 بجے کووڈ-19 کی صورتحال اور صحت عامہ کے شعبے کی تیاریوں پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کریں گے۔ خیال رہے کہ بدھ کی صبح وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1134 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے سبب فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 7026 ہو گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک کووڈ-19 کے 4 کروڑ 46 لاکھ 98 ہزار 118 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ منگل (21 مارچ) کو دہلی، مہاراشٹر، گجرات، چھتیس گڑھ اور جنوبی ریاست کیرالہ میں کورونا کی وبا کی وجہ سے ایک ایک مریض کی موت ہوئی۔ چنانچہ کووڈ سے جان گنوانے والوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 813 تک پہنچ گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق روزانہ مثبت شرح فی الحال 1.09 فیصد ہے اور ہفتہ وار مثبت شرح 0.98 فیصد ہے۔ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب ملک میں صحت یابی کی شرح بڑھ کر 98.79 فیصد ہو گئی ہے۔ جبکہ شرح اموات 1.19 فیصد پر برقرار ہے۔
وہیں، فعال کیسز کل انفیکشنز کا 0.01 فیصد ہوتے ہیں۔ وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق ملک گیر ٹیکہ کاری مہم کے تحت اب تک کووڈ-19 کے خلاف ویکسین کی تقریباً 220.65 کروڑ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : استقبال ماہِ رمضان… ڈاکٹر مفتی محمد مشتاق تجاروی
یاد رہے کہ منگل کو ملک میں کورونا کے 699 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اس دوران 2 افراد کی موت ہو گئی۔ یعنی منگل کے مقابلے بدھ کو ملک میں کورونا کے مزید 435 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 662 افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔ نئے کیسز کی آمد کے بعد ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 7026 ہو گئی ہے۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایکٹو کیسز کی تعداد میں 466 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔