امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کو ٹیلی فون کال میں روس میں جاسوسی کے الزام میں امریکی صحافی کی گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔انٹونی بلنکن نے امریکی صحافی ایون گریشکووچ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، جواب میں روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صحافی رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، رہائی کا فیصلہ روسی عدالت کرے گی۔
امریکی وزیر خارجہ کا روس میں صحافی کی گرفتاری پر اظہار تشویش
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے امریکا روس سفارتی مشن کےلیے سازگار ماحول بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق امریکی ہم منصب سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ امریکا کا صحافی گریشکووچ کیس کو سیاسی رنگ دے کر ہلچل مچانا ناقابل قبول ہے۔
روس میں امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے صحافی کو امریکا کےلیے جاسوسی کرنے کے شبے میں جمعرات کو گرفتار کیا گیا۔