سنگاپورسٹی:دنیا میں بہترین ائیرپورٹ قرار دیے جانے والے سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ پر تکنیکی مسائل کے باعث امیگریشن کیلئے مسافروں کی طویل قطاریں لگ گئی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق چانگی ائیرپورٹ کو اپنے آرکیٹیکچر ، سہولیات اور مسافروں کی بڑی تعداد کو سنبھالنے سمیت وقت کی پابندی کیلئے دنیا بھر میں خصوصی حیثیت کا حامل سمجھا جاتا ہے تاہم اب امیگریشن سسٹم میں مسائل کے باعث ائیرپورٹ پر مسافروں کی لمبی قطاروں نے اس کی ساکھ خطرے میں ڈال دی ہے۔
شہر کی بارڈر کنٹرول اتھارٹی نے پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امیگریشن سسٹم میں تکنیکی مسائل کے باعث ائیرپورٹ پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، تمام مسافر سے اپیل ہے کہ اپنا غیر ضروری سفر ملتوی کردیں۔بارڈر
کنٹرول اتھارٹی نے ایک بیان کے ذریعے مسافروں کو درپیش مشکلات پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں طلب کر لیا گیا ہے، تمام مسافر آٹومیٹک کلیئرنس کانٹرز کی بجائے مینوئل کلیئرنس کے کانٹرز پر جائیں اور تکنیکی مسائل حل ہونے تک افسران کے ساتھ تعاون کریں۔
دنیا بھر میں ائیرپورٹس کی چیک ان سے لے کر ڈیپارچر تک مجموعی تجربات کی بنیاد پر درجہ بندی کرنے والے برطانوی ادارے نے گزشتہ 12 سال سیچانگی ائیرپورٹ کو دنیا کا بہترین ائیرپورٹ قرار دیا تھا۔چانگی ائیرپورٹ سے صرف 2019 کے دوران 68.3 ملین سے زائد مسافروں نے سفر کیا تھا جبکہ رواں سال پہلے دو ماہ کے دوران ہی 8 ملین سے زائد مسافر اس ائیرپورٹ کی خدمات اور سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔