صیہونی حکومت کی متعدد اہم ترین یونیورسٹیوں پر آج شدید سائبر حملے ہوئے ہیں۔ صیہونی حکومت کے معاریو اخبار نے اس حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ انانیمس نامی سائبر گروپ نے اسرائیل کی بیشتر یونیورسٹیوں پر حملے کیے ہیں۔
عبرانی زبان کے اس میڈیا کے مطابق، انانیمس نامی ہیکر گروپ نے، جس نے اس سے قبل اسرائیل میں دیگر سائبر حملے کیے تھے، منگل کو اسرائیل کی بیشتر یونیورسٹیوں پر حملے کیے اور کئی دیگر کمپنیوں اور تنظیموں کے ساتھ ساتھ اس کی سائٹس کو بھی نقصان پہنچایا۔
اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے چیک پوائنٹ کمپنی نے بتایا ہے کہ مذکورہ سائبر حملوں کی وجہ سے سائٹس دستیاب نہیں رہیں اور جس طرح سے یہ کیا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معلومات چوری کرنے کے لیے نہیں بلکہ تباہی کے لیے کیا گیا تھا۔
ماہرین نے معاریو کو بتایا کہ مذکورہ حملے ممکنہ طور پر دوسرے حملوں کو چھپانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
جو سائٹس بند ہوگئیں، ان میں ویزمین تھنک ٹینک اور تل ابیب، بار ایلان، بین گوریون، ایریل اور حیفا کی یونیورسٹیوں کا ذکر کیا جا سکتا ہے۔