کانپور (نامہ نگار)سابق میئر وسابق قانون ساز کونسل کے رکن، اترپردیش کانگریس کمیٹی کے خازن وسینئر سکھ لیڈر سردار مہندر سنگھ اپنے ساتھیوں گنگا سنگھ بھدوریا ،منولال مجھوار اور سیکڑوں لوگوں کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیادت اور پالیسوں میں اعتماد ظاہر کرتے ہوئے ایس پی میں شامل ہوگئے تھے۔اس کے علاوہ پیس پارٹی کے محمد ارشاد، بی جے پی کی مہندر کور ، نیلم گپتا ،اندرااروڑا، کرن اروڑا سمیت سیکڑوں بی جے پی کارکنان نے سماجوادی پارٹی کی رکنیت حاصل کرلی۔سردار مہندر سنگھ نے کانگریس کی تمام معاشی پالیسیوں ، بدعنوانی معاملات ، علیحدگی کی پالیسی اور بدعنوانی کے لئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیا۔انہوں نے پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قول
وفعل میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برسوں کی مدت کار میں سماجوادی پارٹی کی حکومت نے کنیا ودیا دھن، لیپ ٹاپ، غریب پنشن اسکیم اور روزگار بھتہ کے وعدوں کو پورا کردیا ہے۔سماجوادی پارٹی شہر کے پارلیمانی امیدوار سریندر موہن اگروال نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کے ناموں کا اعلان کیا۔اس موقع پر ریاستی وزیر شیو کمار بیریا، وزیر مملکت ارونا کوری،چیئرمین ٹریڈ ٹیکس سریندر موہن اگروال، جگدیو سنگھ یادو ،رکن اسمبلی ستیش نگم،عرفان سولنکی وغیرہ موجود تھے۔