ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ انہیں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے لیے ایک نیا چیف ایگزیکٹو مل گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ایلون مسک نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ٹوئٹر کے لیے ایک نئے سی ای او کی خدمات حاصل کرلی ہیں اور وہ 6 ہفتوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے سی ای او کے نام کا اعلان تو نہیں کیا لیکن وہ ایک خاتون ہوں گی۔
اپنے بیان میں ایلون مسک نے مزید کہا کہ وہ ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے، اب وہ ٹوئٹر کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے کہا تھا کہ ایک بار جب انہیں ’کوئی ایسا بے وقوف مل جائے گا جو یہ نوکری لے لے‘ تو وہ سی ای او کے عہدے سے الگ ہو جائیں گے۔