روم: اٹلی میں ایک شخص پر سڑک کا گڑھا ٹھیک کرنے کے جرم میں تقریباً ڈھائی لاکھ روپے کے برابر کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔خبر رساں اداروں کے مطابق اٹلی کے خطے لمبارڈی کے ایک قصبے بارلاسینا میں راہ گیروں کے گزرنے کے لیے بنائے گئے راستے میں 30 سینٹی میٹر کا گڑھا بن گیا تھا۔
مقامی کونسل کی جانب سے اس گڑھے کو ٹھیک کرنے میں ناکامی پر 72 سالہ کلاڈیو ٹرینٹا نے خود اسے تارکول جیسے ایک مادے سے ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا اور بعد ازاں ٹریفک پولیس کی جانب سے کلاڈیو ٹرینٹا پر 882 یورو (2 لاکھ 73 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
اس جرمانے پر 72 سالہ شخص نے ایک فیس بک پوسٹ میں پولیس سے ملنے والے مراسلے کی تصویر شیئر کی، جس میں کلاڈیو ٹرینٹا پر ہائی وے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے سرکاری جگہ پر بلا اجازت ایک خطرناک کام کیا۔
کلاڈیو ٹرینٹا کو گڑھے کو اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ فیس بک پوسٹ میں انہوں نے لکھا اگر انہیں لگتا ہے کہ میں احمق ہوں تو وہ غلط ہیں، انہوں نے مجھے غصہ دلایا ہے اور اب میں کونسل کے خلاف غفلت کی شکایت دائر کرنے والا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران انہوں نے متعدد بار مقامی حکام کو گڑھے کی شکایت کی تھی مگر کچھ نہیں ہوا۔72 سالہ شخص کے مطابق یہ کام میں نے شہرت کے لیے نہیں کیا اور میں اس جرمانے کے خلاف آخر تک لڑوں گا، میری نظر میں تو یہ ناانصافی ہے۔