نیشنل کرائم ایجنسی کے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے پوچھ گچھ مکمل کر لی۔
عمران خان نیب راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں انہیں باضابطہ شاملِ تفتیش کیا گیا۔
عمران خان نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے ایک گھنٹے سے زیادہ وقت پیش ہوئے۔ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم کی جانب سے عمران خان سے کیس سے متعلق 20 سوالات کے جواب طلب کیے گئے۔
ذرئع نے بتایا ہے کہ نیب نے عمران خان سے برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت کے ریکارڈ سے متعلق سوالات کیے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب نے عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈز کے فریزنگ آرڈرز کا ریکارڈ بھی طلب کیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق فیصلے کا ریکارڈ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ این سی اے برطانیہ کے ریکارڈ تک میری رسائی نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نیب کی ٹیم کو بتایا کہ القادرٹرسٹ کا ریکارڈ نیب کو پہلے ہی مل چکا ہے۔
اس سے قبل نیب کی ٹیم نے عمران خان کو 18 مئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نیب راولپنڈی آفس کے باہر گاڑی میں موجود تھیں۔