جرمنی کی خفیہ ایجنسی نے بھرتی کیلئے شرائط رکھ دیں، دفتر آنا ہوگا، فون گھر پر رکھنا ہوگا۔جرمنی کی انٹیلیجنس سروس کو کورونا عالمی وباء کے بعد سے اہلکاروں کی بھرتی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
جرمنی کی بیرونی انٹیلیجنس سروس بی این ڈی کے سربراہ برونو کال نے کہا کہ عالمی وبا کے بعد سے ملازمت کے خواہشمند افراد گھر سے کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملازمت کے امیدوار کام کے دوران اپنے موبائل فون سے بھی الگ نہیں رہ سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسی شرائط کی پیشکش نہیں کرسکتے جنہیں آج کے دور میں بہت آسان سمجھا جاتا ہے۔
سربراہ بی این ڈی نے کہا کہ ہماری ایجنسی میں گھر سے کام کرنا کئی سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ناممکنات میں سے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کل ملازمت کے امیدوار نوجوانوں سے یہ مطالبہ کرنا کہ کام کے دوران وہ فون ساتھ نہیں رکھ سکتے بہت بڑا مطالبہ ہے۔
واضح رہے کہ جرمن خفیہ ایجنسی بی این ڈی (بنڈیسناخرشٹنڈینسٹ) کی ویب سائٹ کے مطابق اس کے یہاں کل ملازمین کی تعداد ساڑھے 6 ہزار ہے۔