نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو ملک کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملک کی مالا مال ثقافت ، فن، فخر، ثقافت اور آئین کی آواز ہے اور یہ نئی عمارت، نئے ہندوستان کی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت ہم سب کو فخر اور امید سے بھر دے گی۔ انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کرکے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو قوم کے نام وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہم تمام ہم وطنوں کے لیے ناقابل فراموش دن ہے ۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت ہم سب کو فخر اور امید سے بھردینے والی ہے ۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہ شاندار اور عظیم عمارت عوام کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی خوشحالی اور صلاحیت کو نئی رفتار اور طاقت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت جمہوریت کو نئی توانائی اور نئی طاقت دے گی۔ ‘‘ہمارے مزدوروں نے اپنے پسینے سے اس پارلیمنٹ ہاؤس کو اتنا عظیم الشان بنایا ہے ، اب یہ ہم ارکان پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی لگن سے اسے مزید شاندار بنائیں۔
اتوار کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے کے بعد مسٹرمودی نے کہا کہ ایک قوم کے طور پر سبھی 140 کروڑ ہندوستانیوں کا عزم ہی اس نئی پارلیمنٹ کی جان ہے ۔ اس میں کیا گیا ہر فیصلہ آنے والی نسلوں کو بااختیار بنائے گا اور یہ فیصلے ہندوستان کے روشن مستقبل کی بنیاد بنیں گے ۔انہوں نے کہا، “یہ صرف ایک عمارت ہی نہیں ہے ۔ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی امنگوں اور خوابوں کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ ہماری جمہوریت کا مندر ہے جو دنیا کو ہندوستان کے عزم کا پیغام دیتا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا، “اس عمارت میں وارثت بھی ہے ، فن تعمیر بھی ہے ،اس میں ہنرمندی بھی ہے ، ثقافت کے ساتھ ساتھ آئین کی آواز بھی ہے ۔ ہماری جمہوریت ہی ہماری تحریک ہے ، ہمارا آئین ہمارا عزم ہے ۔ اس عزم کی کی بہترین نمائندہ ،ہماری یہ پارلیمنٹ ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے پاس امرت کال کے 25 سال کا وقت ہے اور ملک کو ترقی یافتہ قوم بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہدف مشکل ہے لیکن سب کو مل کر ایک عزم لینا ہوگا اور اسی کی بنیاد پر کامیابی ملے گی۔انہوں نے کہا، ‘‘کامیابی کی پہلی شرط کامیاب ہونے کا یقین ہے ، یہ نیا پارلیمنٹ ہاؤس اس یقین کو ایک نئی اونچائی دینے والا ہے ، یہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں ہم سب کے لیے ایک تحریک بنے گا۔ یہ عمارت ہر ہندوستانی میں فرض کا احساس پیداکرے گی ۔