واشنگٹن کے قریب جواب نہ دینے والے جہاز کے تعاقب میں جیٹ طیاروں کی پرواز، جہاز گر کر تباہ
واشنگٹن،5جون ( اے یوایس) امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی فضا کے قریب ایک چھوٹا طیارہ نظر آیا جس کے پائلٹ کی جانب سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو کوئی جواب نہیں دیا جا رہا تھا۔ اس وقت امریکہ کے ایف 16 جنگی جہاز فضا میں تیزی سے نمودار ہوئے لیکن اسی دوران چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والا طیارہ ریاست ورجینیا کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہوا ہے۔فضا میں نامعلوم طیارے کی موجودگی کی خبروں کے سبب واشنگٹن ڈی سی میں موجود لوگ پریشانی کا شکار ہوئے۔ قبل ازیں امریکی جنگی جہاز سونک بوم کے ساتھ اس چھوٹے سیسنا طیارے کی جانب لپکے تھے۔ واضح رہے سونک بوم اس وقت بنتی ہے جب طیارے آواز سے بھی زیادہ تیز رفتار سیمیں فضا میں سفر کرتے ہیں۔ سونک بوم ایسی آواز ہوتی ہے جس سے محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی دھماکہ ہوا ہو۔









