ایران کی وزارت صحت نے کیوبا کے ساتھ مل کر ویکسین کی تیاری میں باہمی تعاون اور ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی خبر دی ہے۔
ایسنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر بہرام عین اللٰہی نے نے کہا ہے کہ صحت کے حوالے سے کیوبا کا نظام بہت مناسب ہے اور انقلاب اسلامی کے اوائل سے لے کر آج تک کیوبا اور ایران کے درمیان صحت کے میدان میں تعاون جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا ویکسین کی تیاری میں ایک ترقہ یافتہ ملک ہے اور اس حوالے سے ایران کے پاستور انسٹی ٹیوٹ نے کیوبا کے ساتھ تعاون کا آغاز کیا اور اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت میں ویکسین تیار کرنے کی ٹیکنالوجی کیوبا سے درآمد کی گئی ہے۔ کیوبا نے کرونا کو کنٹرول کرنے کےلئے سوبرانا نامی ویکسین بھی تیار کی ہے اور ایران میں بھی کیوبا کی مدد سے ایک ویکسین پاستو کووک تیار کی جا رہی ہے۔
ایران کے وزیر صحت نے ایران اور کیوبا کے درمیان ایک جدید ویکیسن کی تیاری کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور کیوبا کے درمیان مشترکہ کمیشن کی ذمہ داری ہماری ہے اور اس دلیل کی بنیاد پر اس ملک کے ساتھ ہمارا تعاون جاری ہے، اس حوالے سے گزشتہ سال کیوبا کی ٹیم ایران کے پاستور انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرنے آئی تھی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک مل کر ویکسین کی مختلف اقسام کی بڑے پیمانے پر تیاری کو ممکن بنا پائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاستور انسٹی ٹیوٹ کی تجویز اور کیوبا کی وزارت صحت کی اجازت کے بعد جدید ویکسین کی تیاری کی کوشش کی جارہی ہے اور اس حوالے سے ہم ٹیکنالوجیز کے تبادلے کی کوشش کر رہے ہیں۔