سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے کوکین برآمدگی کی خبر سامنے آنے کے بعد جو بائیڈن اور ان کے بیٹے پر بے بنیاد الزام عائد کر دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر وائٹ ہاؤس سے کوکین برآمدگی کی خبر پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کیا کوئی واقعی اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اوول آفس کے بالکل قریب وائٹ ہاؤس کے ویسٹ ونگ میں پائی جانے والی کوکین ہنٹر اور جوبائیڈن کے علاوہ کسی اور کے استعمال کے لیے ہے؟
اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ میڈیا وائٹ ہاؤس سے کوکین کی برآمدگی کی خبر پر زیادہ توجہ نہیں دے گا اور یوں اس واقعہ کو عوام سے چُھپایا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکا کے صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر وائٹ ہاؤس سے کوکین برآمد ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔
جہاں سے کوکین ملی وہاں بہت سے لوگ آتے جاتے ہیں، ترجمان وائٹ ہاؤس
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں سے کوکین ملی وہاں بہت سے لوگ آتے جاتے ہیں۔
اس موقع پر ترجمان سے سوال کیا گیا کہ تحقیقات کے حصے کے طور پر کسی کا ڈرگ ٹیسٹ کروایا گیا ہے؟
اس سوال کے جواب میں کیرین جین پیئر نے کہا کہ ہم ہر ایکشن لیں گے جو کہ مناسب اور قابل ضمانت ہو۔