اقوام متحدہ میں چین کے نائب مندوب نے کہا کہ چین کا امریکہ سے مطالبہ ہے کہ وہ ایران کے خلاف تمام پابندیاں کالعدم قرار دے اور طاقت کے استعمال کی غلط دھمکی کا سلسلہ بند کرے ۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں چین کے نائب مندوب دای بینگ نے قرارداد 2231 پر عمل در آمد کے سلسلے میں سلامتی کونسل کی نشست میں کہا کہ چین کا امریکہ سے مطالبہ ہے کہ وہ ایران کے خلاف تمام پابندیاں کالعدم قرار دے ، طاقت کے استعمال کی غلط دھمکی کا سلسلہ بند کرے اور جے سی پی او اے میں واپسی کے لئے مناسب حالات فراہم کرے۔
ایران کے بارے میں قرارداد 2231 پر عمل در آمد کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے سکیرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنی پندرہویں رپورٹ پیش کی جس کا جائزہ لینے کے لئے سلامتی کونسل کی نشست جمعرات کو منعقد ہوئی جس میں چینی سفیر نے کہا کہ جے سی پی او اے ایک بین الاقوامی سفارتی کامیابی ہے جس میں کئی فریق شامل ہیں اور سلامتی کونسل نے بھی اس کی توثیق کی ہے اور یہ معاہدہ مشرق وسطی میں ایٹمی عدم پھیلاؤ اور امن و امان کو قائم رکھنے کا اہم عنصر ہے ۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین کے نائب مندوب نے مزید کہا کہ امریکہ کی سابق حکومت یک طرفہ طور پر اس معاہدے سے نکل گئی جس کی وجہ سے ایران پر شدید دباؤ کا آغاز ہوا اور یہ بحران کا باعث بنا۔
چین کے مندوب نے کہا کہ ہم تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہيں کہ طویل اور پیچیدہ مذاکرات کے بعد ہونے والے اس معاہدے کے نتائج کی قدر کریں ، سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں، رکاوٹوں کو دور کريں اور جے سی پی او اے کو پھر سے زندہ کرنے پر اتفاق رائے تک پہنچ جائيں۔