نئی دہلی( بھاشا)انتخابات کے دوران زبر دست مانگ میں رہنے والے پروڈکٹس سے وابستہ کمپنیوں کے شیئروں میں بھی چمک آر ہی ہے اور گزشتہ ایک مہینے میں آٹو ،مواصلا ت اور میڈیا کمپنیوں کے شیئروں میں کافی مضبوطی دیکھنے کو ملی ہے ۔
پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں تشہیری مہم کے شباب پر آنے کے ساتھ ہی فنڈ منیجر ،زیادہ آمدنی والے (ایچ این ) دولت مند سرمایہ کا ر اور کچھ غیر ملکی ادارے ان شیئروں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ۔جو کہ عام طور پر پانچ سال بعد انتخابات کے آس پاس خوب چمک میں رہتے ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ خردہ سرمایہ کار بھی انتخابات سے فائدہ اٹھانے کے لئے ان شیئروں کو خرید رہے ہیں اور گزشتہ ایک مہینے میں ان کمپنیوں کی شیئر قیمت دس سے پچاس فیصد بڑھی ہے ۔ بی ایس ای سنسکس گزشتہ ۳۰دن میں تقریبا ً۸ء۶فیصد بڑھ کر ۲۲۵۰۰سے اوپر ہے ۔انتخابات سے فائدے میں رہنے والے شیئروں میں اس دوران پچاس فیصد تک کی تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابی خرچ کے سبب متعدد درج فہر ست کمپنیوں کو قلیل مدتی فائدہ ہوگا ۔یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار ان شیئروں کی جانب راغب ہورہے ہیں ۔