فرانسیسی حکومت نے ایک اسکیم متعارف کروائی ہے جس کے تحت پرانے کپڑے سلوانے اور جوتوں کی مرمت کروانے پر بونس ملےگا۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق فرانس کے شہری ہر سال 7 لاکھ ٹن سے زائد پرانے کپڑے اور جوتے پھینک دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر سے اس اسکیم کا اطلاق ہوگا جس کے تحت پرانے جوتوں کی مرمت کرانے پر 7 یورو اور پرانےکپڑوں کی سلائی اور رفو وغیرہ کرانے پر صارف 10 سے 25 یورو حاصل کرسکےگا۔
حکومت کی جانب سے اس سلے میں آئندہ 5 سال کے لیے 154 ملین یورو کا بجٹ بھی مختص کردیا گیا ہے۔فرانسیسی حکومت نے ملک کے تمام درزیوں اور موچیوں کو پیشکش کی ہےکہ وہ اس نظام کا حصہ بنیں۔
خبرایجنسی کے مطابق حکومت کی اس اسکیم کا مقصد سلائی ورکشاپس میں کام کرنے والوں اور جوتےگانٹھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس کے ساتھ حکومت ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پر بھی قابو پانا چاہتی ہے کیونکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو دنیا کی سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔