لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ علی گنج سیکٹر ایف کے باشندے کلو رام (۷۵) کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی۔ متوفی کے پوتے نے جب صبح انہیں پکارا تو ان میں کوئی حرکت محسوس نہیں ہوئی۔ پوتے نے اس کی اطلا ع پولیس کودی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے موقع کی تلاشی کے بعد کلو کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ پولیس نے ترجمان کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی موت کی صحیح وجہ معلوم ہو سکے گی۔ خبر کے مطابق علی گنج کے سیکٹر ایف کا باشندہ کلو رام اپنے پوتے سندیپ کے ساتھ رہتاتھا جبکہ کلو کے بیٹے سریش کی موت ہو چکی تھی۔ پڑوس میں رہنے والا سنتو جمعرات کی شب کلو کو کھانا دے کر چلا گیا۔ کھانے کے بعد کلو کمرے میں سونے کیلئے چلا گیا۔ صبح جب کلو بیدار نہیں ہوا تو سندیپ نے اپنے دادا کو پکاراتو اس کے جسم میں کوئی حرکت نہیں ہوئی۔
سندیپ کو کچھ شک ہوا اور اس نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے کمرے کی تلاشی لی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ سندیپ نے بتایا کہ اس کے دادا بیمار نہیں تھے اور وہ تندرست تھے۔ سندیپ اسی علاقہ میں ایک ہوٹل میں ملازمت کرتا ہے جبکہ پولیس کاخیال ہے کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد موت کی صحیح وجہ معلوم ہو سکے گی۔