ایران اور سعودی عرب کے وزرائے صحت نے علاقے میں صحت و سلامتی کو فروغ دینے میں تہران اور ریاض کے مشترکہ تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایران اور سعودی عرب کے وزرائے صحت، بہرام عین اللٰہی اور فہد عبد الرحمٰن الجلاجل نے (ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ) صحت و سلامی کے تحفظ کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے علاقے میں حفظان صحت کے فروغ کے بارے میں تہران اور ریاض کے مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ صحت سمیت مختلف شعبوں میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ تعاون سے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور دونوں ملکوں کا مشترکہ تعاون، زائرینِ خانۂ خدا کی سلامتی میں بھی نہایت مؤثر واقع ہو سکتا ہے۔
بہرام عین اللٰہی نے تحقیقاتی اور سائنسی نیز تعلیمی شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے لئے ایران کی یونیورسٹیوں اور سائنسی مراکز کی آمادگي کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ سائنسی و تحقیقاتی اور تعلیمی شعبوں میں امور کو آگے بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کے دانشوروں کے درمیان مشترکہ روابط کی ضرورت ہے۔ اس ملاقات میں سعودی عرب کے وزیر صحت نے بھی صحت کے شعبے میں اہم منصوبے اور صحت و سلامتی کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورۂ تہران کے موقع پر اس سمجھوتے پر دستخط کر دیئے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، تہران اور ریاض کے درمیان تعاون کی زیادہ سے زیادہ توسیع کا خواہاں ہے۔