نئی دہلی: ایشیا کپ 2023 کے اپنے دوسرے میچ میں ہندوستان نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بارش کی وجہ سے ہونے والا یہ میچ سری لنکا کے پللے کل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 230 رنز بنائے۔ اس کے بعد بارش کی وجہ سے کافی دیر تک کھیل روک دیا گیا۔
ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت ٹیم انڈیا کو 23 اوور میں 145 رنز کا ہدف ملا تھا۔ جواب میں ہندوستان نے 20.1 اوورز میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ کپتان روہت شرما 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور شبمن گل 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا سپر فور میں پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نیپال کی ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
دونوں ٹیم کی حالت
گروپ اے سے پاکستان پہلے اور ہندوستان نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے سپر فور کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے لیے سپر فور تک رسائی کا راستہ ابھی کھلا ہے۔
سپر فور راؤنڈ 6 ستمبر سے شروع ہوگا۔ ہندوستان اور پاکستان سپر فور میں ایک بار پھر 10 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم سپر فور کا دوسرا میچ 12 ستمبر کو اور تیسرا میچ 15 ستمبر کو کھیلے گی۔ یہ دونوں میچز کولمبو میں بھی کھیلے جائیں گے۔
نیپال کی اننگز
نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 230 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان نے اس نوآموز ٹیم کو 48.2 اوور میں آل آؤٹ کیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے نیپال کی ٹیم کو 24 اوورز کے اندر ہی ڈھیر کر دیا تھا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کشال بھرٹیل اور آصف شیخ نے نیپال کو اچھا آغاز دلایا۔ ہندوستانی ٹیم کی فیلڈنگ بہت مایوس کن رہی۔ شریاس ائیر، ویرات کوہلی اور ایشان کشن نے پہلے چند اوورز میں تین آسان کیچ چھوڑے۔
اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کشال اور آصف نے پہلی وکٹ کے لیے 65 رنز جوڑے۔ شاردول ٹھاکر نے اس شراکت کو توڑا۔ انہوں نے کشال کو وکٹ کیپر ایشان کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کشال 25 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنا سکے۔