نئی دہلی ۔تجربہ کار گرباج سنگھ اور دانش مجتبیٰ نے ہالینڈ میں 31 مئی سے شروع ہو رہے ایف آئی ایچ ورلڈ کپ سے پہلے یورپ کے دورے کے لئے ہندوستانی ہاکی ٹیم میں واپسی کی ہے ۔ اہم کوچ ٹیری والش نے گرباج ، ڈریگ فلکر سندیپ سنگھ اور وکرم کانت کو قومی کیمپ میں بلایا تھا ۔ یہ تینوں لندن اولمپکس میں آخری مقام پر رہی ہندوستانی ٹیم میں شامل تھے ۔ اس کے بعد سے گرباج مسلسل ٹیم سے باہر تھے لیکن ہاکی انڈیا لیگ کے دوسرے سیشن میں دہلی ویوراڈرس کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے گرباج نے واپسی کی ۔وہیں باصلاحیت مڈفیلڈر مجتبٰی دائیں گھٹنے میں لگی چوٹ کی وجہ سے دس ماہ بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں ۔اس سال بھی ہاکی انڈیا لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے
والے سابق کپتان سندیپ کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے ۔فارورڈ رمندیپ سنگھ اور آکاش دیپ سنگھ بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں ۔گرندر سنگھ ، مڈفیلڈر دیویندر بالمیکی اور اسٹرائیکر للت اپادھیائے نے 21 رکنی ٹیم میں جگہ بنائی ہے ۔ وہیں امت روہیداس ، مڈفیلڈر ایم بی ایپپا ، اففان یوسف اور زخمی مندیپ سنگھ ٹیم سے باہر ہیں ۔ سردار سنگھ ٹیم کے کپتان ہوں گے اور پنالٹی کارنر ماہر روپندر پال سنگھ نائب کپتان رہیں گے ۔ ہندوستانی ٹیم نو سے 19 اپریل تک ہالینڈ کے ہیگ میں پانچ پریکٹس میچ کھیلے گی ۔ ٹیم میں پی آر شریجیش اور ہرجوت سنگھ کے طور پر دو گول کیپر ہیں ۔ ٹیم کا انتخاب ہاکی انڈیا کے سلیکٹر بی پی گووندا ، سید علی ، آر پی سنگھ ، ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر رولیٹ اولٹمیس ، اہم کوچ ٹیری والش نے 20 اور 21 مارچ کو میجر دھیان چند قومی اسٹیڈیم پر ہوئے منتخب ٹرائل کے بعد کیا ۔ ٹیم نو اپریل کو ہالینڈ روانہ ہوگی جہاں اسے پانچ پریکٹس میچ کھیلنے ہیں ۔پہلا میچ ڈچ نیشنل کلب لیڈین کے خلاف 11 اپریل کو کھیلا جائے گا ۔ اس کے بعد ایچ جی سی کلب کے خلاف 14 اپریل کو ، بیلجیم سے 15 اپریل کو اور ہالینڈ سے 17 اور 19 اپریل کو کھیلنا ہے ۔