لاہور ۔آ ئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میںپاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد جمعرات کو لاہور میں ایک اجلاس ہوا جس میں بورڈ کے چیئر میں نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں اور ٹیم آ فیشلز کے ساتھ ناکامی کے اسباب کے حوالے سے بات چیت کی ، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، حفیظ نے شکست کی ذمے داری لے کر بہادری دکھائی،آئندہ 4سے5ماہ میں اچھے فیصلے ہوں گے۔ ورلڈ ٹی20میں شکست کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، سلیکشن، کوچنگ اور کپتانی
کی غلطیاں ہوئی ہیں۔ محمدحفیظ کو کپتانی سے ہٹانے کا میں نے نہیں کہا، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے، پرانی کمیٹی نے جب ٹیم منتخب کی تھی تو کئی سوال کھڑے ہوئے تھے، اب راشد لطیف آگئے ہیں، ٹیم سلیکٹ کریں گے تو ذمے داری بھی لیں گے، نئی ٹیم، نئے کوچ اور نئی کمیٹی بنانی ہے، آفریدی کی پریس کانفرنس کا سنا ہے۔انہوں نے اجازت لی ہے یا نہیں یہ سبحان احمد بتائیں گے۔
محمد اکرم کو 2سال کا کنٹریکٹ سابق چیئرمین نے دیا تھا بہتر ہے کہ ان سے کام لیا جائے۔بگ تھری کے معاملے پر اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی جا رہا ہوں۔ دوسری جانب قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ بطور کوچ میرا پی سی بی سے دو ٹورنامنٹ کا معاہدہ تھا ،جو ختم ہوگیا اب بورڈ کی مرضی ہے۔ ٹیم میں ایک دوکھلاڑی تبدیل ہوتے ہیں،سب کوایک ساتھ نہیں نکالاجاتا،بورڈ اگلے کپتان کے بارے میں پوچھے گا تو مشورہ دوں گا۔