لیجنڈ کرکٹر مہندر سنگھ دھونی نے اپنے 16 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر میں کئی ریکارڈز اپنے نام کیے لیکن ان میں سے 5 بڑے ریکارڈ ایسے ہیں جنہیں توڑنا تقریباً ناممکن ہے۔ ماہی نے کپتانی سے لے کر وکٹ کیپنگ تک کئی ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں۔
دھونی کے پاس سب سے کم اننگز کھیل کر ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچنے کا ریکارڈ ہے جسے شاید ہی کوئی کھلاڑی توڑ سکے۔ دھونی کے پاس آئی سی سی کے تینوں بڑے خطاب ہیں اور ابھی تک کوئی انہیں توڑنے کے قریب نہیں پہنچا ہے اور مستقبل میں اس کے ٹوٹنے کی امید بہت کم ہے۔ ‘رانچی کے شہزادے’ نے اپنی کپتانی میں سی ایس کے کو ریکارڈ 5 بار آئی پی ایل ٹرافی دلائی ہے۔ اس کے علاوہ سی ایس کے نے ماہی کی قیادت میں دو بار چیمپئنز لیگ کا خطاب بھی جیتا ہے۔
سال 2004 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے مہندر سنگھ دھونی نے بطور ہندوستانی سب سے زیادہ 200 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں کپتانی کی ہے۔ اس عرصے کے دوران ہندوستان نے 110 ون ڈے میچوں میں جیت کا پرچم لہرایا ہے جبکہ 74 ون ڈے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ماہی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کی جیت کا تناسب 59.52 رہا ہے۔ اس وقت ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بطور کپتان دھونی کے قریب کوئی بھی نظر نہیں آتا ہے۔
بحیثیت کپتان مہندر سنگھ دھونی چنئی سپر کنگز کے لئے 5 بار آئی پی اے ٹرافی جیت چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 2 چیمپئنز لیگ خطاب بھی جیتے ہیں۔ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دھونی کے پاس بطور کیپر سب سے زیادہ 57 کیچ لینے کا ریکارڈ ہے۔ وہ ٹوینٹی کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 5 کیچ لے چکے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
وکٹ کیپر کے طور پر مہندر سنگھ دھونی نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔ دھونی نے سال 2005 میں سری لنکا کے خلاف 183 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی تھی، جسے توڑنا کسی بھی وکٹ کیپر بلے باز کے لئے آسان نہیں ہوگا۔ دھونی نے اپنی ریکارڈ ساز اننگز کے دوران 15 چوکے اور 10 چھکے لگائے تھے۔ ان کی شاندار اننگز کے بل بوتے پر ہندوستان نے جے پور میں کھیلے گئے میچ میں لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز میں 3-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔
مہندر سنگھ دھونی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی درجہ بندی میں سب سے تیز نمبر ون پر پہنچنے والے بلے باز ہیں۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے ڈیبیو کے بعد انہوں نے صرف 42 اننگز کھیل کر ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی تھی۔ دھونی کے اس ریکارڈ کو توڑنا کسی بھی کھلاڑی کے لئے آسان نہیں ہوگا۔
مہندر سنگھ دھونی دنیا کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے تینوں آئی سی سی خطاب جیتے ہیں۔ دھونی کی کپتانی میں ہندوستان نے 2007 میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا نے 2011 میں گھر پر ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ سال 2013 میں دھونی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے چیمپئنز ٹرافی پر قبضہ کیا تھا۔