لکھنؤ : اتر پردیش کی اے ٹی ایس نے دارالحکومت لکھنؤ سے ہندوستانی فوج کی جاسوسی کرنے والے پاکستانی آئی ایس آئی ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے۔
الزام ہے کہ ہندوستانی فوج کے جاسوس شیلیش کمار عرف شیلیندر سنگھ چوہان نے واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے آئی ایس آئی کو کئی اہم معلومات فراہم کی تھیں۔اے ٹی ایس کے مطابق شیلیش نے تقریباً 8-9 ماہ تک ہندوستانی فوج میں کام کیا ہے۔ وہ اروناچل پردیش میں ایک عارضی مزدور اور پورٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔ فی الحال اس کا ہندوستانی فوج سے کسی بھی طرح سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تاہم اپنی پروفائل پر اس نے خود کو ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دینے والا بتایا ہے۔ شیلیش نے انڈین آرمی کی وردی میں اپنی تصویر سوشل میڈیا پر لگا رکھی تھی۔اے ٹی ایس کے مطابق شیلیش ہرلین کور نامی آئی ڈی سے رابطہ میں تھا۔ شیلیش اس آئی ڈی کے ساتھ میسنجر پر آئی ایس آئی ہینڈلر سے بات کر رہا تھا۔ شیلیش ایک اور ہینڈلر پریتی سے بھی واٹس ایپ کے ذریعے رابطے میں تھا۔شیلیش نے ان ہینڈلرز کو فوج کی معلومات بھیجی تھیں۔ یہی نہیں اپریل میں شیلیش کو فون پے کے ذریعے 2000 روپے بھی ملے تھے۔ اے ٹی ایس کے مطابق شیلیش ہر معلومات کے بدلے رقم حاصل کر رہا تھا۔