وزیر اعلیٰ نے بانکا صدر اسپتال کے نئے تعمیر شدہ ماڈل اسپتال کی عمارت کا افتتاح کیا
پٹنہ، 27 ستمبر (یواین آئی )وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بانکا صدر اسپتال کے احاطے میں 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ ماڈل اسپتال کی عمارت کا ربن کاٹ کر اورتختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے ماڈل اسپتال کی عمارت کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ڈاکٹروں کی رہائش، مفت ادویات کی تقسیم وغیرہ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعلیٰ نے صدر اسپتال بانکا کے احاطے میں واقع او پی ڈی آیوش بلاک کا جائزہ لیا۔جائزہ کے دوران افسران نے وزیر اعلیٰ کو آیوش بلاک میں مریضوں کو دستیاب مفت ادویات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ وزیراعلی سواستھ سہائتا سینٹر میں سواستھ متر کے طورپر خدمات انجام دینے والی جیویکا دیدیوں سے بات کی۔
وزیر اعلیٰ کے ساتھ جیویکا دیدیوں نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کام کر کے بہت اچھا لگتا ہے ۔ ہم سب آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آپ نے ہمیں یہاں خدمت کرنے کا موقع دیا۔ وزیر اعلیٰ نے بانکا صدر اسپتال کے احاطے میں ریبن کاٹ کر اورشمع روشن کر کے ‘دیدی کی رسوئی’ کا افتتاح کیا۔ جیویکا دیدی، مسز انیتا دیوی نے وزیر اعلیٰ کو ‘دیدی کی رسوئی’ میں پیش کیے جانے والے کھانے کی اشیائکے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آج سے اس کی شروعات آپ کے ذریعہ ہو رہی ہے ۔ ہم یہاں کے لوگوں کو صاف ستھرے ، غذائیت سے بھرپور اور لذیذ کھانے کم قیمت پر فراہم کریں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے بانکا کے تزئین و آرائش شدہ انڈور اسٹیڈیم کا بھی معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے انڈور اسٹیڈیم میں پریکٹس کرنے والے بیڈمنٹن کھلاڑیوں سے بات کی۔ کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ کو ان ڈور اسٹیڈیم میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت مفید اورآسان ہے ۔ ہم سب آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اس کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں سے کہا کہ پڑھائی بہت ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ کھیل بھی بہت ضروری ہیں۔ اس کی وجہ سے جسمانی اور ذہنی نشوونما صحیح طور پر ہوتی ہے ۔ آپ سب محنت سے مطالعہ کریں، کھیلیں اور آگے بڑھیں۔ اس دوران مقامی خواتین فنکاروں نے روایتی رقص پیش کرکے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا
وزیر اعلیٰ نے آر ایم کے ہائی اسکول بانکا کیمپس میں واقع ڈیجیٹل لائبریری کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے وہاں زیر تعلیم طلبائسے بات کی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندی بہت اہم زبان ہے ۔ ہماری خواہش ہے اور ہم کہتے رہیں کہ جتنا ہو سکے ہندی زبان کا استعمال کریں۔ سرکاری عمارتوں پر انگریزی کے بجائے ہندی زبان آویزاں کی جائے ۔ ہم نے انجینئرنگ کی تعلیم صرف انگریزی میں حاصل کی ہے ۔ انگریزی زبان بھی ضروری ہے لیکن ہماری سرکاری زبانیں ہندی اور اردو ہیں۔ زیادہ سے زیادہ لوگ ہندی پڑھنا جانتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہندی زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے تاکہ کوئی بھی معلومات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے ۔ اگر کوئی اطلاع لوگوں تک پہنچانی ہو تواس کے لئے ہندی کے علاوہ انگریزی کے بجائے اردو زبان کا استعمال کریں۔ سرکاری عمارتوں پر معلومات صرف ہندی زبان میں دکھائیں۔ جب ہم رکن پارلیمنٹ تھے اورمرکز میں وزیر تھے تب سے ہم اپنا نام ہندی میں لکھ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ‘جیویکا’ بانکا کی طرف سے منعقد کی گئی سرگرمیوں سے متعلق نمائش کامعائنہ کیا۔ مشاہدے کے دوران، وزیر اعلیٰ نے مسلسل روزگار اسکیم کے تحت 226 دیدیوں کے کاروبار کو 83 لاکھ 65 ہزار روپے کا چیک اور جیویکا دیدیوں کو 2706 جیویکا خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کو 81 کروڑ 64 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔