نئی دہلی : ہندوستان نے اپنی صدارت میں جی -20 گروپ کی آن لائن سربراہی اجلاس منعقد کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی ریلیز کے مطابق وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے حکام کو اس سلسلے میں ہدایت دی کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان کے مطابق آڈیو ویژول میڈیم کے ذریعے جی-20 سربراہی اجلاس کے انعقاد کے لیے تیاریاں شروع کریں۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر مشرا نے بدھ کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں نئی دہلی میں منعقدہ جی-20 میٹنگ کے فیصلوں پر کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں جی-20 کے لیے ہندوستان کے شیرپا امیتابھ کانت، خارجہ سیکریٹری ونے موہن کواترا اور اقتصادی امور کے سیکریٹری اجے سیٹھ نے شرکت کی۔
خیال ر ہے کہ جی-20 کا اجلاس اس ماہ کی 9 اور 10 تاریخ کو نئی دہلی میں ہوا تھا، جس میں رہنماؤں نے اقتصادی، مالیاتی، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے اعلامیے کو متفقہ طور پر قبول کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے چوٹی کانفرنس کے ایک سیشن میں کہا تھا کہ جی-20 کی صدارت نومبر کے آخر تک ہندوستان کے پاس ہے اور اس دوران گروپ ممبران کی ایک اور سربراہی میٹنگ ورچول (ویڈیو کانفرنس) کے ذریعے ہو سکتی ہے۔ اجلاس میں جی-20 کے تمام ورکنگ گروپس سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کام کی ماہانہ رپورٹس دیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ترقی پذیر اور غریب ممالک کا فورم وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ کی دوسری میٹنگ منعقد کرنے میں مصروف ہے۔