بھارت کے ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون نے اپنے پسندیدہ ہیرو سلمان خان کو ’خدا‘ بنا دیا۔ڈیوڈ کی جمعہ کو ریلیز ہوئی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ میں انھوں نے سلمان خان کی آواز کا استعمال کیا ہے۔
ڈیوڈ کے بیٹے ورون دھون کو لے کر بنائی گئی اس فلم میں جب وہ کسی مشکل میں ہوتے ہیں تو خدا کو یاد کرتے ہیں اور خدا کی آواز میں سلمان انھیں مسائل کا حل بتاتے ہیں۔
ڈیوڈ دھون، سلمان خان کو اپنا ’لکی چارم‘ مانتے ہیں۔ انھوں نے سلمان کے ساتھ ’بیوی نمبر ون‘، ’دلہن ہم لے جائیں گے‘، ’جڑواں‘ اور ’مجھ سے شادی کرو گے‘جیسی ہٹ فلمیں بنائی ہیں اور اسی وجہ سے وہ اپنے بیٹے کو لے کر بنائی گئی اس فلم میں سلمان خان کا کسی طرح سے اندراج کرانا چاہتے تھے۔
سنہ 1984 کے فسادات پر مہیش بھٹ کی فلم
معروف فلم ساز مہیش بھٹ سنہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات پر ایک فلم بنائیں گے۔
مہیش بھٹ اپنی فلم کا آغاز سنہ 2012 میں کینیڈا کے ایک گردوارے میں سکھوں پر حملے سے کریں گے اور اس کی کہانی سنہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات تک لے جائیں گے۔
مہیش بھٹ کے مطابق ’ابھی تک سکھوں کو انصاف نہیں ملا ہے، وہ ہمارے ہی اپنے ہیں اور ان کی کہانی بتانی ضروری ہے۔‘
کنگنا، عامر کی راہ پر
جب میں انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھی تب میں نے اس طرح کی تقریبات میں حصہ لیا لیکن اب میں ایسا نہیں کروں گی: کنگنا
اپنی فلم ’ملکہ‘ کی کامیابی کے بعد بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے عامر خان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عامر خان کسی بھی فلم ایوارڈ تقریب میں نہیں جاتے ہیں اور اب کنگنا نے بھی طے کر لیا ہے کہ وہ بھی ان تقریبات میں شرکت نہیں كریں گي۔
کنگنا نے کہا ’جب میں انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھی تب میں نے اس طرح کی تقریبات میں حصہ لیا لیکن اب بہت ہوا، اب میں ایسا نہیں کروں گی۔‘