وارانسی: اترپردیش کے ضلع وارانسی کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے جمعرات کو انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کی جانب سے گیان واپی احاطے کی جاری اے ایس آئی سروے کو روکنے کی عرضی کو خارج کردیا۔عرضی گزار کی جانب سے سروے کے اخراجات نہیں جمع کرائے گئے ہیں۔
مدعی نمبر ایک راکھی سنگھ کے وکیل انوپم دویدی نے بتایا کہ ضلع عدالت کے جج اجئے کرشنا وشویش نے انتظامیہ کمیٹی کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے اعلی عدالتوں بشمول سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے آرڈر کا حوالہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے کہا ہے کہ وہ اعلی عدالت کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرسکتی ہے ۔عدالت نے کمیٹی سے کہا کہ وہ اس نکتے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرے ۔
وکیل نے کہا کہ عدالت نے گیان واپی احاطے میں سیل کئے گئے مقام کے سروے کے سلسلے میں داخل کی گئی عرضی پر سماعت کے لئے 5اکتوبر کی تاریخ طے کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ کمیٹی نے مسجد احاطے کی جاری اے ایس آئی سروے کو مدعی کے ذریعہ سروے اخراجات جمع نہ کئے جانے کی بدولت سروے کو روکنے کی عرضی داخل کی تھی۔