ہانگزو، 29 ستمبر (یو این آئی) ہندوستانی نشانہ بازوں نے چین میں جاری 19ویں ایشیائی کھیلوں میں جمعہ کے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم مقابلے میں دو طلائی اوردو چاندی کا تمغہ جیتا۔
ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر، سوپنل کُسالے اور اکھل شیورانا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مردوں کی 50 رائفل تھری پوزیشن ٹیم مقابلے میں نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔
ہندوستانی ٹیم نے 1769 کا سکور کیا جو کہ امریکہ کے گزشتہ سال پیرو میں بنائے گئے ریکارڈ سے آٹھ پوائنٹ زیادہ ہے۔
چین نے 1763 کے اسکور کے ساتھ چاندی اور جنوبی کوریا نے 1748 کے اسکور کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
سواپنیل (591) اور ایشوریہ (591) کوالیفکیشن مرحلے میں سرفہرست رہے ۔ اکھل (587) پانچویں نمبر پر رہے، لیکن انفرادی فائنل میں اپنے ہم وطن نشانہ بازوں کے ساتھ شامل ہونے میں ناکام رہے، کیونکہ کسی ملک کے صرف دو نشانہ باز ہی فائنل میں حصہ لے سکتے ہیں۔
ایک اور میچ میں ہندوستانی نشانے بازوں پلک اور ایشا سنگھ نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل انفرادی مقابلے میں بالترتیب سونے اور چاندی کے تمغے جیتے۔
پلک 242.1 کے اسکور کے ساتھ انفرادی مقابلے میں سرفہرست رہیں۔ ہم وطن شوٹر ایشا سنگھ نے 239.7 کے اسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ پاکستان کی کشمالہ طلعت نے 218.2 کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
ہندوستانی کھلاڑیوں ایشا سنگھ، پلک اور دیویا تھاڈیگول سباراجو نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہندوستانی ٹیم نے کل 1731 پوائنٹس ریکارڈ کیے اور طلائی تمغہ جیتنے والے چین سے پانچ پوائنٹ پیچھے رہ گئے۔ جبکہ چینی تائپے نے 1723 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
ایشا (579) اور پلک (577) بالترتیب پانچویں اور ساتویں نمبر پر رہیں اور انفرادی فائنل میں جگہ بنائی۔