کلکتہ : ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر متھلیش کمار مشرا کو جسٹس امریتا سنگھ نے اساتذہ تقرری گھوٹالہ کی جانچ کررہی ٹیم سے ہٹادیا ہے ۔عدالت نے ہدایت دی ہے کہ متھلیش کمار مشرا کسی بھی ریاستی معاملے کی جانچ کی ٹیم کا حصہ نہیں رہیں گے ۔ عدالت نے ای ڈی کے ڈائریکٹر کو ہدایت دی ہے کہ جلد نئے افسران کی تقرری کی جائے ۔
ای ڈی نے ابھیشیک بنرجی کو 3 اکتوبر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے ۔ تاہم ابھیشیک نے اعلان کیا ہے کہ وہ 3مئی کو ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے ۔جسٹس سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ 3 اکتوبر کی انکوائری کسی بھی طرح متاثر نہیں ہونی چاہئے ۔ ای ڈی تحقیقات کے مفاد میں کوئی بھی کارروائی کر سکتی ہے ۔ اس کے بعد جج نے تفتیشی افسر متھیلیش کو یہ کہتے ہوئے ہٹا دیا کہ وہ تفتیش کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ کہیں اور جاکر بہتر کام کریں ۔جسٹس سنگھ نے ای ڈی کے ڈائریکٹر کو برطرفی کے حکم کو جلد سے نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ای ڈی نے بتایا کہ ان کے افسران کو مرکزی سیکورٹی نہیں ملتی ہے ۔ کل 131 کیسز جاری ہیں۔ ان میں سے ہر شخص کو 22 کیسز نمٹانے ہیں۔ جج نے اس دلیل کو قبول نہیں کیا۔ای ڈی نے ہائی کورٹ کے حکم پر ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرائی تھی۔ جسٹس سنگھ نے گزشتہ پیر کو اس تفصیل پر سوالات اٹھاتے ہوئے ای ڈی کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے چیف آفیسر متھلیش کے خلاف عوامی طور پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ جسٹس امریتا سنگھ نے افسر سے کہا کیا تم چاہتے ہو کہ تفتیش سے مستثنیٰ ہو؟ کیا یہ ڈاک خانہ ہے ؟ کسی نے دیا اور آپ نے پہنچادیا۔ای ڈی نے یہ جاننے کی کوشش کیوں نہیں کی کہ Leaps and Bounds کمپنی کیوں بنائی گئی تھی ۔ای ڈی نے کہا کہ بہت بڑا لین دین ہوا ہے ۔ لیکن اس لین دین کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ ای ڈی کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جج نے کہا کہ ہم سرنگ کے آخر تک کب پہنچیں گے ؟ کیا انہیں کسی کی مدد کی ضرورت ہے ؟
ای ڈی کی طرف سے بتایا گیا کہ ان کے پاس افرادی قوت کم ہے ۔فنانشل انٹیلی جنس یونٹ کی مدد درکار ہو سکتی ہے ۔ لیکن ای ڈی کے وکیل نے اس بارے میں تفصیل سے اپنی باتیں نہیں رکھیں۔ انہوں نے جج سے درخواست کی کہ ‘‘کچھ وقت دیں۔ میں ای ڈی کے ڈائریکٹر سے بات کر نے کے بعد عدالت کے سامنے تمام بات رکھوں گا۔