گاندھی نگر، 5 اپریل (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کے بدعنوانی سے متعلق الزامات کی وجہ سے تنازعہ کا شکار گجرات کی نریندرمودی حکومت کے وزیر توانائی سوربھ پٹیل نے الیکشن کمیشن کو ارسال کردہ اپنے جواب میں تسلیم کرلیا ہے کہ وہ امبانی خاندان کے داماد ہیں۔مسٹر کیجریوال نے گزشتہ ماہ الزام لگایا تھا کہ ریاست کے توانائی، پیٹرولیم، کان کنی اور منصوبہ بندی کا آزاد چارج رکھنے والے مسٹر پٹیل امبانی خاندان کے داماد ہیں اور ریلائنس گروپ کے چیرمین مکیش امبانی کے رشتہ دار ہیں۔ بدعنوانی میں میں ملوث مودی حکومت انکے ذریعہ ریاست میں کئی کارخانوں اور دیگر اداروں والے مودی پریوار کو غیر قانونی فائدہ پہونچا رہی ہے۔مسٹر پٹیل نے اس معاملے پر مثالی ضابطہ اخلاق کے تحت مسٹر کیجریوال کے خلاف شکایت درج کی تھی۔ اس معاملے میں کمیشن نے ان سے بھی جواب طلب کیا تھا۔مسٹر پٹیل نے کل یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے کوئی سچائی نہیں چھپائی ہے اور کمیشن کو ارسال کردہ جواب میں کہا ہے کہ وہ امبانی خاندان کے داماد ہیں۔ خیال رہے کہ مسٹر پٹیل امبانی گروپ کے بانی و بھائی امبانی کی بھتیجی کے شوہر ہیں۔ کمیشن نے گجرات کے محکمہ جات سے بھی مسٹر پٹیل کے محکموں کی تفصیلات طلب کی ہے۔