ہانگژو، 5 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو جمعرات کو خواتین سنگلز کے کوارٹر فائنل میچ میں چینی کھلاڑی سے ہارنے کے بعد ایشیائی کھیلوں سے باہر ہو گئیں۔
آج یہاں بنجیانگ جمنازیم اسٹیڈیم میں 47 منٹ تک چلنے والے مقابلے میں دو بار کی اولمپک میڈلسٹ اور عالمی نمبر 15 سندھو کو پانچویں نمبر کی چین کی ہی بِنگ جیاؤ سے 21-16، 21-12 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دو بار کی ورلڈ چیمپئن شپ میڈلسٹ ہی بِنگ جیاؤ نے کوارٹر فائنل میچ میں شاندار آغاز کیا اور 9-5 کی برتری حاصل کی۔ پہلے گیم کے آغاز سے پی وی سندھو پر چینی کھلاڑی حاوی رہیں۔ بنگ جیاؤ نے ابتدائی برتری حاصل کی اور ہندوستانی کھلاڑی کو سخت ٹکر دی۔
سندھو نے اپنے شاٹس کے ذریعے پوائنٹس حاصل کرنے کی پوری کوشش کی۔ سندھو نے لگاتار تین پوائنٹس حاصل کئے اوراسکور (16-18) کیا، لیکن بنگجیاؤ نے یہ گیم 21-16 سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں چینی بیڈمنٹن کھلاڑی نے ابتدائی (5-1) کی برتری حاصل کی۔ لیکن سندھو نے اسکور کو 8-8 سے برابر کر دیا لیکن اس کے بعد چینی کھلاڑی نے اس گیم میں 6 پوائنٹس کی برتری حاصل کی اور اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے دوسرا گیم 21-12 سے جیت لیا۔ ساتھ ہی پی وی کو میچ میں کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ سندھو کی شکست کے ساتھ ہی خواتین کے مقابلوں میں تمغے کی امید ختم ہو گئی۔ اس سے قبل خواتین کے سنگلز میں اسمیتا چالیہا راؤنڈ آف 32 میں شکست کے بعد باہر ہو گئی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہانگزو میں اپنے میچ سے پہلے سندھو پانچ میچوں میں سے چار میں چینی کھلاڑی کو شکست دی تھی۔
ہندوستان بیڈمنٹن میں ابھی تک گولڈ میڈل نہیں جیتا ہے۔
دریں اثنا، ایچ ایس پرنائے آج مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے لی زی جیا سے مقابلہ کریں گے۔
ہندوستان کی ٹاپ رینک والی مردوں کی ڈبلز جوڑی ساتوک سائراج رینکیریڈی-چراغ شیٹی بھی کوارٹر فائنل میں کورٹ میں اترے گی۔