لکھنئو، 5 اپریل (یو این آئی) اترپردیش کی حکمراں سماجوادی پارٹی نے بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر کے اس متنازعہ بیان پر اعتراض کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے دعوی کیا تھا کہ نریندر مودی کے برسراقتدار آتے ہی یو پی حکومت کو برخاست کردیا جائے گا۔سماجوادی پارٹی کے جنرل سیکریٹری رام گوپال یادو نے آج اپنی پارٹی کا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں فسطائی طاقتوں کی سازش پوری نہیں ہوپائے گی۔مسٹر یادو نے سوال کیا کہ ایک جمہوری ملک میں ایک منتخب حکومت کو برخاست کرنے کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی لیڈران کا یہ بیان ان کے فسطائی نظریے اور جذبات کی عکاسی کرتا ہے اور عوام کو ان فسطائی طاقتوں کو اقتدار پر قابض ہونے سے روکتا ہے۔واضح رہے کہ مسٹر یادو کا یہ بیان بی جے پی کے اترپردیش کے انچارج امت شاہ کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے دعوی کیا تھا اگر نریندر مودی وزیراعظم بنتے ہیں تو یو پی حکومت برخاست کردی جائے گی۔