ہندوستان کی عظیم الشان درسگاہ مدرسہ سلطان المدارس و جامعہ سلطانیہ لکھنؤ میں 6 اکتوبر 2023 مطابق 20 ربیع الاول 1445 ھ بروز جمعہ علماء کرام و طلاب گرامی کی تقریب منعقد ہوئی ۔
جس میں سید الساجدین امام زین العابدین علیہ السلام کا صحیفہ کاملہ کا اردو ترجمہ (اشاعت ششم) بقلم فرزند باقر العلوم، حضرت آیۃ اللہ سید علی رضوی مجتہد اعلی اللہ مقامہ کی رسم اجراء بدست آفتاب شریعت سید کلب جواد نقوی جو مترجم کے سگے بھانجے اور شاگرد ہیں؛ انجام پذیر ہوئی۔ اس تقریب کا اہتمام مترجم کے فرزند مولانا سید حیدر عباس صاحب کی زیر نگرانی ہوا۔
جامعہ سلطانیہ کے پرنسپل حجۃ الاسلام مولانا سید محمد اسحاق رضوی نے اطلاع دی کہ اس نورانی نشست کا آغاز مولوی علی مہدی صاحب نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔
ابتدائی تقریر مترجم کے پوتے حجۃ الاسلام مولانا سید اطہر عباس رضوی صاحب نے کی۔ اس کے بعد ادارہ اصلاح کے مدیر حجۃ الاسلام مولانا سید جابر جوراسی صاحب پھر ممتاز العلماء مولانا سید سیف عباس نقوی صاحب اور آخر میں آفتاب شریعت مولانا سید کلب جواد صاحب قبلہ نے تقریر فرمائی۔
اس تقریب کی نظامت کے فرائض نائب امام جمعہ عالیجناب مولانا سید سرتاج حیدر زیدی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔
اس رسم اجراء میں مدرسے کے اساتذہ اور علماء کرام نے شرکت فرمائی جن میں سے بعض کے نام مندرجہ ذیل ہیں: حجج الاسلام مولانا شفیق صاحب، مولانا سید منظر صادق صاحب، مولانا سید محمد موسیٰ رضوی صاحب، مولانا مرزا رضا عباس صاحب، مولانا سید حسنین باقری صاحب، مولانا علی حیدر صاحب، مولانا سید ثقلین باقری صاحب، مولانا غضنفر نواب معروفی صاحب، مولانا سید صادق حسین صاحب، مولانا اصغر مہدی صاحب، مولانا شہنواز حیدر صاحب وغیرہ۔