جے پور: راجستھان کے ادے پور میں منعقدہ تیسری نیشنل ڈس ایبلڈ چمپئن شپ میں جموں و کشمیر نے آج فائنل میچ جیت کر دوسری بار ٹائٹل پر قبضہ کرلیا۔
فیلڈ کلب گراؤنڈ میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں جموں نے ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں 162 رن بنائے ۔ ممبئی کی ٹیم 20 اوور میں صرف 132 رن بنا سکی۔ جموں نے نظم و ضبط کی باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی بدولت 35 رن سے میچ جیتا اور دوسری بار ٹائٹل پر قبضہ کیا۔ جموں کے مین آف دی میچ ماجد نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 21 گیندوں میں 37 رن بنائے اور ساتھ ہی 4 اوورز میں 25 رن دے کر 2 وکٹیں لیں۔
تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی (سی آئی ڈی) اجے سنگھ راٹھور نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ رنر اپ ممبئی کی ٹیم کو تین لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
مسٹر راٹھور نے کہا کہ میچ میں کھلاڑیوں نے جس ہمت اور جذبے کا مظاہرہ کیا، اس سے ان کھلاڑیوں کے اس مقام تک پہنچنے کی ہماری امید جلد ہی پوری ہوگی جہاں ہماری ہندوستانی ٹیم دنیا میں پرچم لہرا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سماج میں جذباتی اقدار کے تیزی سے زوال کو روکنے کی ضرورت ہے ، اس سمت میں نارائن سیوا سنستھان اور ڈی سی سی آئی سمیت دیگر سماجی تنظیموں کو اپنی کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔
انہوں نے چیمپئن شپ کے مین آف دی سیریز جموں و کشمیر کے وسیم اقبال کو اسکوٹی پیش کی۔
نارائن سیوا سنستھان کے بانی کیلاش مانو نے مہمان خصوصی کا خیرمقدم کیا اور ڈیفرینٹلی ایبلڈ کرکٹ کونسل آف انڈیا کے تعاون سے منعقد اس گیارہ روزہ کرکٹ مہاکمب میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈی سی سی آئی کے سکریٹری روی کانت چوہان نے چمپئن شپ کی تفصیلات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں ملک کی 24 ٹیموں نے 67 میچ کھیلے ۔