فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے آئندہ جمعے کو ’یومِ طوفانِ اقصیٰ‘ منانے کی اپیل کردی۔حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلسطینی سمیت دنیا بھر کے مسلمان آئندہ جمعے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینی مزاحمتی تحریک سے یکجہتی کے لیے میدان میں نکلیں۔
اس حوالے سے حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی سڑکوں اور میدانوں میں نکل کر قابض فوج کے خلاف مزاحمت کریں، مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے چھڑانے کے لیے جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک مقیم فلسطینی سمیت عرب اور مسلم عوام فلسطین کی سرحدوں کے قریب اکٹھے ہو کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کریں۔
حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے آزادی پسند عوام جمعے کو سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈز نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی چوکی پر حملے کے دوران 2 جنگجو شہید ہوگئے۔