لکھنؤ: ڈاکٹروں کے وقت پر پوسٹ مارٹم (پی ایم) کرنے نہ پہنچنے پر وزیر صحت نے چیف میڈیکل افسر کی سرزنش کی۔ سی ایم او نے معاملہ بلرامپور اسپتال کے ڈائرکٹر پر ڈالتے ہوئے خود کو بچا لیا۔ اس کے بعد بلرامپور کے ڈائرکٹر کو صفائی دینا پڑی کہ آخر ڈاکٹر کس وجہ سے وقت پر مرچیوری نہیں پہنچے تھے۔
کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کیمپس میں واقع مرچیوری میں ڈاکٹر وقت پر نہیں آئے جس کی وجہ سے کئی لوگوں کو انتظار کرنا پڑا۔ واضح ہو کہ بلرامپور اسپتال کے دو معالج ڈاکٹر رویندر کمار اور ڈاکٹر سمدھر کی ڈیوٹی پوسٹ مارٹم ہاؤس میں لگائی گئی تھی دونوں ڈاکٹر وقت پر مرچیوری نہیں پہنچے۔ دوپہر تقریباً ۲۱بجے کے بعد بھی جب ڈاکٹر نہیں آئے تو لوگوںنے ہنگامہ کرنا شروع کر دیا۔ معاملہ وزیر صحت دفتر تک پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر صحت نے سی ایم او کو فون کر کے معاملہ کے بارے میں پوچھ کر ان کی سرزنش کی۔ سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو نے معاملہ ڈائرکٹر بلرامپور پر ڈال دیا۔ سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس نے بلرامپور اسپتال کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ٹی پی سنگھ کوفون کر کے مذکورہ ڈاکٹروں کی بابت پوچھ گچھ کرنا شروع کی۔ فون کر کے یہ پتہ لگانے کی کوشش کی گئی کہ آخر ڈاکٹر مرچیوری کیوںنہیں پہنچے۔ جب تک معاملہ بڑھتا تب تک ایک بجے ڈاکٹر مرچیوری پہنچ گئے اور لوگوںکاہنگامہ ختم کرایا۔