غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکا کے صدر جوبائیڈن کا بیان سامنے آ گیا۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسپتال پر حملے اور ہولناک جانی نقصان پر غمزدہ ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسپتال پر حملے کی خبر سنتے ہی اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم اور اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کی۔
جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کی ٹیم کو غزہ میں اسپتال پر حملے کی معلومات لینے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ امریکا تنازعات کے دوران شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے واضح طور پر کھڑا ہے۔
امریکی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اس سانحے میں جاں بحق یا زخمی مریضوں، طبی عملے اور دیگر بے گناہوں کے لیے سوگوار ہیں۔
اسپتال پر بمباری
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، بمباری سے اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت جاری
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔