ورلڈ کپ 2023 میں جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کوک اور ہنریک کلاسن کی عمدہ بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی شاندار کاررکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو 149 رنز سے شکست دے کر عالمی کپ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کو اننگز کی ابتدا میں ہی اس وقت اہم وکٹ ملی جب ساتویں اوور میں ریزا ہینڈرکس صرف 12 رنز بنانے کے بعد شریف الاسلام کی وکٹ بن گئے۔
ابھی جنوبی افریقہ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں مہدی حسن میراز نے دوسری ضرب لگاتے ہوئے وین ڈر ڈوسن کو چلتا کر دیا۔
36 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار ڈی کوک کا ساتھ دینے کپتان ایڈن مرکرم آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 131 رنز کی شراکت بنائی۔
اس سے قبل کہ ایڈن مرکرم جارحانہ انداز اپناتے، شکیب نے اپنے ہم منصب کی 69 گیندوں پر 7 چوکوں سے سجی 60 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
تاہم دوسرے اینڈ سے ڈی کوک نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور نئے بلے باز ہنریک کلاسن کے ساتھ مل کر بنگلہ دیشی باؤلرز کو تختہ مشق بنا دیا۔
وکٹ کیپر بلے باز نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور کلاسن کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 142 رنز جوڑ کر جنوبی افریقہ کے لیے ٹورنامنٹ میں ایک اور بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔
کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 140 گیندوں پر 174 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔
ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی جنوبی افریقہ کی جارحانہ بیٹنگ میں کوئی کمی نہیں آئی اور کلاسن نے ملر کے ہمراہ ٹورنامنٹ کی تیز ترین 50 رنز کی شراکت بنائی۔
کلاسن نے ایک اور شان دار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر 8 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور ملر کے ساتھ 65 رنز کی شراکت بھی بنائی۔