امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) کے مطابق کیٹیگری 5 کا سمندری طوفان ’اوٹس‘ میکسیکو کے پیسیفک بیچ ریزورٹ اکاپولکو سے ٹکرا گیا، جس کے ممکنہ طور پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق این ایچ سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ طوفان اوٹس کے ٹکرانے کے وقت زیادہ سے زیادہ 265 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔
سمندری طوفان جب ٹکرانے کے قریب پہنچا، تو اس نے تیزی سے سافر سمپسن پیمانے کی سب سے زیادہ طاقتور کیٹیگری 5 کی صورت اختیار کرلی۔
این ایچ سی نے تنبیہ کی کہ وہاں تباہ کن نقصان کا امکان ہے، جہاں طوفان کا مرکزی حصہ ساحل پر منتقل ہوگا۔
صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے سماجی ویب سائٹ پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی پناہ گاہوں میں منتقل ہوجائیں اور دریا، ندی نالوں اور کھائیوں سے دور رہیں۔
اس سے پہلے فوجیوں کو اکاپولکو کے سمندر پر گشت کرتے دیکھا گیا جہاں طوفان سے پہلے سیاح موجود تھے۔
کشتی چلانے والی کیرولینا ٹورس کا کہنا تھا کہ ’آج ہم کوئی ٹور نہیں کروائیں گے‘، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شاید طوفان زمین سے ٹکرانے سے پہلے کمزور ہوجائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ ہم سے ٹکرایا، تو اس کے نتائج ہمارے لیے سنگین ہوں گے۔
این ایچ سی نے بتایا کہ ’گوریرو اور اس کے آس پاس کے حصوں اور اوکساکا کے ہمسایہ علاقوں میں 51 سینٹی میٹر تک بارشیں ریکارڈ کی جاسکتی ہیں۔
سینٹر نے خبردار کیا کہ بارشوں کے نتیجے میں تیز بارش اور اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ مٹی کے تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔
این ایچ سی نے مزید بتایا کہ ’ممکنہ طور پر تباہ کن طوفان میں اضافے کی وجہ سے جان لیوا ساحلی سیلاب پیدا ہونے کی توقع ہے‘۔
سمندری طوفان ہر سال مئی سے نومبر کے درمیان میکسیکو کے دونوں پیسیفک اور بحر اوقیانوس کے ساحل سے ٹکراتے ہیں، لیکن ان میں سے چند ہی کیٹیگری 5 میں شامل ہوتے ہیں۔
اکتوبر 1997 میں کیٹیگری 4 میں شامل سمندری طوفان پولین میکسیکو کے پیسیفک ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں اکاپولکو سمیت میکسیکو کے 200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اب تک میکسیکو سے ٹکرانے والے طوفان میں یہ سب سے زیادہ جان لیوا تھا۔
اکتوبر 2015 میں پیٹریشیا اب تک کا سب سے زیادہ طاقتور طوفان ریکارڈ ہوا، جب اس نے میکسیکو کے پیسیفک ساحلی پٹی پر چلنے والی 200 کلو میٹر پر گھنٹہ کی رفتار کی ہوا سے تباہی پھیلائی۔
اُسی ہفتے ٹراپیکل طوفان ’نورما‘ کی وجہ سے ایک بچے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جب اس نے شمال مغربی علاقے سینالووا میں لینڈ فال کیا۔
نورما، سمندر کی طرف روانہ ہونے سے قبل پہلی دفعہ ہفتے کی روز باجا کیلیفورنیا جزیرے پر نمودار ہوا تھا۔
اس مہینے کے شروع میں کیٹیگری 4 کے خطرناک طوفان لیڈیا کی وجہ سے نیریٹ اور جالیسکو کی مغربی ریاستوں میں 2 اموات ہوئیں۔
اگست میں طوفان ہیلری، جو ایک مقام پر کیٹیگری 4 میں شامل تھا، باجا کیلیفورینا میں ٹکرانے سے ایک شخص کی ہلاکت کا سبب بنا۔
سائنسدانوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی گرمی کی وجہ سے یہ طوفان مزید طاقتور ہوتے جارہے ہیں۔