گورکھپور (نامہ نگار)میکے سے سسرال آرہی خاتون کی راستہ میں طبیعت خراب ہوگئی۔ سنگین حالت میں شوہر اسے لیکر ضلع اسپتال آیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔شوہر بیوی کی لاش لیکر سسرال پہنچا تو ساس نے زہر دیکر مارنے کا الزام لگاتے ہوئے تھانہ میں اطلاع دے دی۔ پولس معاملہ کی تفتیش کررہی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بڑہل گنج علاقہ کے کاکی روڈ کے باشندے عبدالقادر کی شادی ۲۰۰۹میں دیوری باری گولہ کے عید محمد کی بیٹی حسینہ سے ہوئی تھی۔ جن کی دو بیٹیاں تین سالہ ثمینہ اور دوسالہ فضا ہے۔ ڈیڑھ ماہ پہلے شوہر سے تنازعہ ہونے کے بعد حسینہ میکے آگئی تھی وہ پانچ ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ پنچایت میں دونوں کے درمیان سمجھوتہ ہوا۔
جمعرات کو عبدالقادر بیوی حسینہ کو لینے آیا تھا۔حسینہ کی ماں فاطمہ کہیں باہر گئی ہوئی تھی۔ حسینہ نے فون پر ماں کو شوہر کے اسے لینے آنے کی اطلاع دی۔فاطمہ نے بغیر اس کے آئے جانے سے منع کردیا۔کسی طرح عبدالقادر نے حسینہ کو ساتھ چلنے کے لئے
راضی لیا۔گزشتہ رات عبدالقادر حسینہ کو لیکر بیکی پار کے بٹھولی میں رہنے والے ایک رشتہ دار کے گھر پہنچا اور وہیں رک گیا۔کھانا کھانے کے بعد سبھی سو گئے ۔ رات تقریباً ایک بجے حسینہ کی حالت بگڑ گئی عبدالقادر نے رشتہ داروں کی مددسے اس کو ضلع اسپتال پہنچایا ۔ ڈاکٹروں نے جانچ کرنے کے بعد حسینہ کو مردہ قرار دے دیا۔
ابتدائی جانچ میں ڈاکٹروں نے زہر پھیلنے کا شک ظاہر کیاہے۔ بیٹی کی موت کے بعد فاطمہ نے بڑہل گنج تھانہ پہنچ کر زہر دیکر مارنے کا الزام لگایا۔ پولس معاملہ کی تفتیش کررہی ہے۔