فلسطینی ذرائع نے غزہ کے ایک علاقے میں صیہونی حکومت کے ٹینکوں کی دراندازی کے نتیجے میں مزاحمتی فورسز کے ساتھ تصادم کی تصاویر شائع کی ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی نے مرکز اطلاعات فلسطین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صیہونی حکومت کے ٹینکوں نے غزہ کے جنوب میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ابتدائی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ٹینک غزہ کی صلاح الدین اسٹریٹ میں داخل ہوئے اور جنوبی غزہ میں نتساریم چوراہے پر شہریوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد شہید ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے رپورٹر نے بھی خبر دی ہے کہ مزاحمتی فورسز نے غزہ کی صلاح الدین اسٹریٹ میں صیہونی حکومت کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا اور اب اس علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے۔
صیہونی ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے خبر دی ہے کہ الاقصیٰ طوفان آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک اس رجیم کے جانی نقصانات کی تعداد 1538 سے زیادہ ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں صیہونی حکومت نے الاقصیٰ طوفان آپریشن میں فلسطینی مزاحمت کے خلاف اپنی ذلت آمیز فوجی، سیکورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی کے جواب میں غزہ کے شہری انفراسٹرکچر پر وحشیانہ حملے کئے اور اب تک 8000 سے زائد بے گناہ شہری مارے جا چکے ہیں۔