کینیڈا میں یہودیوں کے 2 اسکولوں پر نامعلوم افراد نے رات گئے فائرنگ کی تاہم اس وقت اسکول میں کوئی موجود نہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر مونٹریل کے دو اسکولوں میں جب علی الصبح طلبا اور اساتذہ اسکول پہنچے تو مرکزی دروازے کو گولیوں سے چھلنی پایا۔ دیواروں پر بھی جا بجا گولیوں کے نشانات تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔ شواہد سے لگتا ہے کہ دونوں اسکولوں پر کی گئی فائرنگ میں ایک ہی قسم کا اسلحہ اور طریقہ کار اختیار کیا گیا۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت نہ ہونے کی وجہ سے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ جس وقت فائرنگ کی گئی اسکول خالی تھے اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملے کے بعد سے کینیڈا کی ایک یونی ورسٹی میں فلسطینی اور اسرائیلی طلبا میں لڑائی بھی ہوئی تھی جب کہ پیر کے روز ایک عبادت گاہ کو بھی آگ لگائی گئی تھی۔