نئی دہلی،14 نومبر (یو این آئی) ثانیہ مرزا ہندوستانی خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں، جوملک کی خاتون کھلاڑیوں میں سب سے کامیاب تصور کی جاتی ہیں۔
انہوں نے بیرون ملک ہی نہیں بین الاقوامی سطح پر متعدد تمغے جیت کر ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ وہ سنگلز اور ڈبلز دونوں فارمیٹ میں کھیلنے والی دنیا کی بہترین کھلاڑی ہیں۔ ثانیہ کئی مرتبہ سنگلز اور ڈبلز چیمپئن شپ جیت چکی ہیں۔
اپنے دہائیوں کے کیریئر میں ثانیہ نے ہر موڑ پر خود کو کامیاب ثابت کیا اور کامیاب خاتون ٹینس کھلاڑی بن کر ملک کا نام روشن کیا ۔
ثانیہ مرزا 15 نومبر 1986 کو ممبئی میں ایک حیدرآباد مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کا خاندان سال 1990 میں امریکہ چلا گیا اور دو سال بعد واپس وطن لوٹ آئے۔ثانیہ کے والد عمران مرزا اسپورٹس جرنلسٹ تھے جو حیدرآباد میں ایک سپورٹس میگزین نکالتے تھے۔
ثانیہ کے والد کا تعلق چونکہ کھیلوں سےرہا لہذا ان کی دلچسپی بھی ٹینس کی جانب بچپن سے ہی ہوگئی تھی۔ثانیہ نے صرف چھ برس کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کردیا تھا۔ ثانیہ کے والدین نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی بیٹی کو ٹینس کھلاڑی بنائیں گے۔
والد عمران مرزا اکثر ان کے پریکٹس کے دوران ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔ ثانیہ کو پایہ کا کھلاڑی بنانے کے لیے ان کے خاندان کو بہت تعاون کرنا پڑا۔ اس کے خاندان نے ان کی پرورش کے لیے انتھک محنت کی ہے۔