نئی دہلی : اسرائیل اور حماس کے درمیان گزشتہ ماہ سے جاری جنگ کے درمیان ہندوستان نے جمعرات کو ایک بار پھر کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا۔ نیز لڑائی میں شہری اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بین الاقوامی انسانی قانون پر عمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان فلسطینی عوام کے لئے مزید انسانی امداد بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیلی شہروں پر غیر معمولی حملوں کے بعد سے اسرائیل غزہ میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کر رہا ہے۔
غزہ شہر کے الشفاء اسپتال میں اسرائیلی فوجیوں کے آپریشن کے بارے میں نئی دہلی کے نقطہ نظر کی بابت پوچھے جانے پر باگچی نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف ایک مخصوص اسپتال کا نہیں ہے اور ہندوستان نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کسی ایک اسپتال یا مخصوص سہولت کا نہیں ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے، انسانی حقوق کی پاسداری کرنے اور لڑائی میں پھنسے لوگوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی کسی بھی کوشش کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ لیکن یہ ابھی تک نہیں رک رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے اب زمینی سطح پر بھی حملے تیز کر دیے ہیں۔ اس تناظر میں بدھ کے روز اسرائیلی فورسز نے کہا کہ وہ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا میں داخل ہو گئے ہیں جہاں ہزاروں افراد داخل ہیں۔ لیکن اس اسپتال کے نیچے چلنے والا مشتبہ حماس کا کمانڈ سینٹر تباہ ہوگیا ہے۔